یادداشت کھو گئی


’’اللہ نے دس سال بعد مجھے بیٹے کی نعمت سے نوازا۔ اپنے لعل کی بہترین تربیت کروں گی بلکہ میں تو کہتی ہوں اللہ نے اسے ہمارے بڑھاپے کا سہارا بنا کر بھیجا  ہے۔‘‘
’’بیگم میں تو اپنی تمام تر کمائی اپنے بیٹے کی پڑھائی پر صرف کروں گا۔ اسے بہترین تعلیم دلواؤں گا تاکہ پڑھ لکھ کر اسکا  مستقبل روشن ہوجائے۔"
’’اور پھر ہم اپنے چاند سے بیٹے کیلئے کسی اچھے گھرانے کی پڑھی لکھی اور خوبصورت سی لڑکی تلاش کریں گے۔‘‘
بیٹے کی پیدائیش  پر ہی اُسکے مستقبل کے بارے میں لمبے لمبے خواب دیکھے جانے لگتے ہیں اور لمحہ بھر میں بات شادی تک آن پہنچتی ہے۔ لیکن یہ بات صرف بیٹوں تک ہی محدود نہیں۔۔۔
دوسری جانب اللہ ایک گھرانے کو پہلی بیٹی کی صورت میں اپنی رحمت سے نوازتا ہے۔ والدین  نہ صرف نہایت پُر مسرت دِکھائی دیتے ہیں بلکہ روزِ اوّل سے ہی  اپنی بیٹی کے مستقبل کے بارے میں فکر مند بھی ہونے لگتے ہیں۔ وہی خواب۔۔۔ اچھی تربیت۔۔۔ اچھی تعلیم۔۔۔ بہت سی خوشیاں۔۔۔ اور بالآخر ان خواہشات کی قطار کا اختتام شادی کے موضوع پر ہوتا ہے۔  
لڑکا بہترین ذریعۂ معاش حاصل کرچکتا ہے اور لڑکی بھی اپنی پڑھائی سے فارغ ہونے کو ہوتی ہے کہ والدین میں اولاد کے رشتوں کی فکر  زور اختیار کر لیتی ہے۔ اُنہیں اُٹھتے بیٹھتے،چلتے  پھرتے غرض لمحہ بہ لمحہ صرف اور صرف اپنی اولاد کے رشتوں کی فکر لاحق رہنے لگتی ہے۔ بلاشبہ رشتے تو آسمانوں پر ہی بنتے ہیں لیکن آسمانوں پر بنے ان رشتوں کو ملنے میں عموماً کافی وقت لگ جاتا ہے۔ لہٰذا کچھ عرصہ مناسب رشتہ نہ ملنے پر والدین راتوں کو جاگ جاگ کر اپنی اولاد کے رشتے کیلئے دُعائیں مانگنے لگتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بیٹی کا معاملہ تو ہوتا ہی حساس ہے لیکن لڑکے کے والدین بھی کم پریشان نہیں ہوتے ۔ کہیں والدین  خاندان سے باہر رشتہ نہیں کرنا چاہتے تو کہیں خاندان میں  موجود تمام رشتوں کو ٹھُکر ا دیا جاتا ہے اور ایسی صورتِ حال میں تمام رشتہ دار تاک لگائے بیٹھ جاتے ہیں کہ جناب اپنے لئے کیسی بہُو کا انتخاب کرتے ہیں؟ یوں والدین کی فکر میں مزید اضافہ ہوا جاتا ہے۔ خیر بات بیٹی کے رشتے کی  ہو یا بیٹے کے، دونوں صورتوں میں والدین فکر مند رہتے ہیں، لمبی لمبی تسبیحات، دُعاؤں اور وظائف کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اور تو اور خانہ کعبہ کے سامنے بھی سجدہ ریز ہوکر جہاں بہت سی دُعائیں کی جاتی ہیں وہیں اولاد کے رشتے کیلئے  بھی خصوصی دُعائیں مانگی جاتی ہیں۔غرٖض دن رات اللہ سے رابطہ استوار رہتا ہے۔
خیر اللہ اللہ کر کے رشتہ طے پاتا ہے۔۔۔  اس میں کوئی شک نہیں کہ ایسے مواقع والدین کی راحت و فرحت کا باعث بنتے ہیں۔  لہٰذا نہ صرف والدین بلکہ دوسرے عزیز و اقارب بھی اس خوشی سے پھولے نہیں سماتے اور یہ خوشی کی چوٹ اس حد تک گہری لگتی ہے  کہ انسان اپنی یادداشت ہی کھو بیٹھتا ہے۔ وہ راتوں کا جاگ  جاگ کر نوافل پڑھنا، لمبی لمبی تسبیحات اور وظائف کا اہتمام کرنا حتٰی کہ حرم پاک میں بھی سجدہ ریز ہو کر جو دُعائیں کیں، آج وہ سب بھول گئیں۔۔۔ وہ ضعیف العمر عورت جسکی ٹانگیں قبر میں ہیں آج اُسکی بھی جوانی اُبھر آئی۔۔۔ جس کے ہاتھ میں  ہمیشہ تسبیح رہتی تھی آج یہی عورت اپنے سر کے آنچل کو بھی بھُلا بیٹھی۔ خاندان کے وہ بزرگ جنکی صبح و شام اللہ اللہ کرتے ٖصرف ہوتی تھی، آج وہ بھی اپنی عمر، اپنے وہ سجدے، سب بھُلا بیٹھے۔۔۔ اپنے ہی گھرانے کی بیٹیاں، جنکو اپنی عزت سمجھا کرتے تھے، آج اُنکو سرِعام ناچتا دیکھ کر خوش ہوا جاتا ہے۔ چلو ہمارا کوئی دین مذہب نہیں، ہمیں آخرت کی فکر نہیں لیکن کیا شریف اور معزز خاندانوں کی عزتیں یوں ہی سرِعام ناچا کرتی ہیں؟ کیا یہی عزت ہے ان معزز گھرانوں کی؟
ہم بھول جاتے ہیں کہ ہمیں اللہ دیکھ رہا ہے، وہ ہماری ان تمام نافرمانیوں سے ہر ہر لمحہ باخبر ہے،  ہم بھول جاتے ہیں کہ ہمارا ایک ایک عمل ہماری جنت بنا رہا ہے یا پھر جہنم۔۔۔ ہم بھول جاتے ہیں کہ ہمارے نبی نے اپنی اور اپنی بیٹیوں کی شادیاں کیسے کیں ۔۔ یہ بھلا دیا جاتا ہے کہ اس دُنیا میں رہتے ہوئے ، ایک مسلمان ہونے کی حیشیت سے میں اپنی من چاہی کے مطابق زندگی نہیں گزار سکتا، میرے لئے کچھ اُصول اور حدود متعین فرما دی گئی ہیں جنکی پاسداری کرنا ہی میرے حق میں بہتر ہے۔ ابھی بھی وقت ہے میں اپنے ضمیر کے دروازے پر دستک دے سکتا ہوں اور اپنی اس بھولی ہوئی یادداشت کو واپس لا سکتا ہوں ورنہ ذلت و خواری کی ایک لامحدود زندگی میرا انتظار کر رہی ہے جہاں ماسوا پچھتاوے کے کچھ کام نہیں آئے گا۔

ماہِ ربیع الاوّل

ایران کے بادشاہ نے سفید سنگِ مرمر کا نہایت مضبود محل بنوایا تھا۔ آج کل کے مالدار تو زیادہ سے زیادہ صرف ٹائل لگوا سکتے ہیں مگر اُسنے ٹائل نہیں لگوائی بلکہ پورے کا پورا محل سفید پتھر سے کھڑا کیا تھا۔ اس عالی شان محل کے چودہ  بڑے بُرج تھے مگر ایک دِن اُسکے محل کے یہ چودہ بڑے بُرج ٹوٹ گئے۔ یہ آج سے چودہ سو ستتّر(1477) سال قبل کی بات ہے جب  نوشیروان کا زمانہ تھا۔ وہ نہایت حیران ہوا کہ یہ بُرج کیسے ٹوٹ پڑے؟


 ایک ہزار سال سے ایران کے بادشاہ کے دربار میں آگ جل رہی تھی جسکی لوگ پوجا کیا کرتے تھے۔ وہ آگ ہزار سال سے نہیں بُجھی تھی۔ ہر وقت لوگ اُسکو جلانے کیلئے تیار کھڑے ہوتے تھے۔ مگرآج وہ آگ بھی بُجھ گئی۔ ایک بڑا پادری دوڑتا ہوا نوشیروان کے دربار میں آیا اور کہنے لگا کہ حضُور آگ بُجھ گئی۔ اب تو وہ اور بھی پریشان ہو گیا کہ ہزار سال سے جو آگ لگی ہوئی ہے وہ کیسے بھُجھ گئی؟ لگتا ہے کہ کُچھ ہوا ہے۔ کوئی دنیا میں واقعہ ہوا ہے یا ہو رہا ہے۔ جسکی وجہ سے میرے محل کے اتنے مضبوط برج بھی ٹوٹ پڑے اور یہ آگ بھی بُجھ گئی۔  


اپریل کی بائیس تاریخ اور سن پانچ سو اِکتّر(571)عیسویں تھا۔ ھمارے مہینوں کے لحاظ سے جیٹھ کا مہینہ تھا اور اُسکی پہلی تاریخ تھی۔ اور جیٹھ کی پہلی تاریخ پر تیرہ گھنٹے اور سولہ منٹ گزر چکے تھے۔ پیر کی صبح کے چار بج کر بیس منٹ تھے اور تاریخ بارہ ربیع لاول تھی جب اِس دنیا کی بارات کا دولہا آیا۔ ایک سمندر کی مچھلیوں نے دوسرے سمندر کی مچھلیوں کو مُبارکباد دی کہ مبارک ہو‘ رحمت للعالمین آگئے۔۔۔ وہ زمین کے اندر رینگنے والی کیڑیاں۔۔۔ چونٹیاں۔۔۔ انکو بھی پتہ چل گیا۔۔۔ وہ بھی ہواؤں میں اُڑنے لگیں کہ آج  رحمت للعالمین آگئے۔ دنیا میں جتنے بادشاہ تھے اور اُنکے سروں پر جو تاج تھے وہ اُچھل کر زمین پر گِر پڑے۔ دنیا کے تمام بُت سجدے میں گِر پڑے۔ پوری دنیا میں ہلچل مچ گئی۔۔۔
 کسی کو نہیں تھا علم کہ یہ جو یتیم آرہا ہے‘ یہی ہے وہ جسکے سبب زمین بچھی‘ آسمان بلند ہوا۔ یہی ہے جسکے طفیل چاند تاروں کو روشنی ملی۔۔۔ اگر یہ نہ ہوتا تو کب زمین ہوتی۔۔۔ کب آسمان ہوتا۔۔۔ کب کائنات بنتی۔۔۔ کب آدم ہوتا ۔۔۔؟


دائی کا نام ہے شِفا ۔۔۔ ساری دُنیا کیلئے آپ شفا بن کر آرہے ہیں۔
ماں کا نام ہے آمنہ ۔۔۔ آپ ساری دنیا کو امن دینے آرہے ہیں۔
دودھ پلانے والی کا نام ہے حلیمہ ۔۔۔ آپ دُنیا کو اخلاق بانٹنے آرہے ہیں۔  حلیمہ‘ حلم سے ہے اور حلم اخلاق کو کہتے ہیں۔
باپ کا نام ہے عبدﷲ ۔۔۔ آپ ساری دنیا کو ﷲ کا بندہ بنانے آئے ہیں۔    (مولاناطارق جمیل صاحب)

یہ ہیں اِس اُمت کے سردار کی پیدائیش کے بارے میں چند معلومات۔ جو صرف نام کا نہیں بلکہ پیدائیشی سردار تھا۔ مگر افسوس کہ آج ہم اتنے بڑے سردار کی ایک ایک سُنت کو بھُلا بیٹھے۔ جنکی سُنت کو اپنانا دونوں جہانوں کی کامیابی کی ضمانت تھی آج ہم اُسی کی بتلائی ہوئی راہوں پر چلنے کو حماقت سمجھنے لگے۔ ان راہوں کو اختیار کرنے سے یہ سوچ کر ڈرنے لگے ہیں کہ ہماری تو دُنیا ہی بگڑ جائے گی مگر یہ حقیقت نجانے ہم جانتے نہیں یا جان کر بھی جاننا نہیں چاہتے کہ اسلام کی بتلائی ہوئی راہ پر چلنے سے انسان سے دُنیا اور آخرت کی کامیابی کے وعدے کئے گئے۔ آخرت تو بنے ہی بنے گی اللہ اس شخص کی دُنیا کو بھی سنوار دیں گے۔ کمی اللہ کے اس وعدے میں نہیں بلکہ ہمارے یقین اور ایمان میں ہے۔ اللہ سے دُعا ہے کہ اللہ ہمیں اس ماہِ ربیع الاوّل میں فضول رسومات اور بدعات سے بچ کر حقیقی معانی میں نبی اکرم کی اطاعت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور موت تک اُنکے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔
Powered by Blogger.
۔
Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...